گلبرگہ،23جون (ایس او نیوز؍ایم اے حکیم شاکر) ممتاز قانون دان و صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ جناب عبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ نے اپنے صحافتی بیان میں مہنگائی میں دن بہ دن اضافہ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملہ میں منتخب نمائیندوں کی خاموشی افسوس ناک ہے۔
پریس ریلیز میں انہوں نے بتایا کہ آج کل ایک طرف تو کرونا کے سبب لوگ زندگی اور موت کی کشمکش سے پریشان ہیں تو دوسری جانب روز بہ روز ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔ کرونا بحران اور اور مہنگائی کا نہ تو حکومت کو احساس ہے اور نہ ہی منتخب نمائیندوں کو۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔جہاں عام آدمی کی جیب پر بھاری بوجھ عائد ہورہا ہے وہیں ریاستی حکومت کی جانب سے جائیداد ٹیکس میں 15فی صد ااضافہ کردیا گیا ہے۔ برقی بلس میں بھی چار تا پانچ فیصدکا اضافہ کردیاگیاہے۔ اس طرح ریاستی اور مرکزی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ اقدمات سے غریب طبقہ تو بے حد پریشان ہے ہی اب اس کے ساتھ متوسط طبقہ بھی مالی پریشانیوں سے د وچار ہوگیا ہے۔ ایسے حالات میں بھی ہمارے منتخب نمائیندے اپنی خاموشی توڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ مہلک کرونا وبا ء کے دوران بھی شہر گلبرگہ میں جو ذمہ داران ہیں وہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔چاہے ایم ایل ایز ہوں کہ ایم پیز،چیرمینس ہوں کہ عہدہداران اپنی ذمہ داریوں کو سنبھالنے میں ناکام رہے ہیں۔
عبدالجبار صاحب نے ایسے حالات میں شہر گلبرگہ اور ضلع گلبرگہ کی ترقی کے لئے تمام منتخب عوامی نمائیندوں، سرکاری عہدیداران اور سماجی و سیاسی تنظیموں و جماعتوں کے ذمہ داران کو متفق و متحد ہوکر آگے بڑھنے پر زور دیا ہے۔